کوئٹہ (نمائندہ جسارت) رواں ماہ کے آخر میں بلوچستان کے سیاحتی مقام زیارت میں کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا،جبکہ رواں برس کے ماہ اگست میں آزادی مشاعرہ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ ثقافت سیاحت و آرکیالوجی کے محکمانہ امور کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اجلاس میں بلوچستان کی ثقافت سیاحت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے لیے صوبے میں مختلف کلچرل ایونٹس کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ثقافت سیاحت و آرکیالوجی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے محکمانہ انتظامی اُمور اور محکمے کے مختلف ونگز پر بریفنگ دیتے ہوئے نئی اور جاری محکمانہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیااجلاس کو صوبے میں ثقافتی و سیاحتی سرگرمیوں کے لیے مختص گرانٹ ان ایڈ سے متعلق فنڈز پر بھی بریف کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی مقامی ثقافت اور تہذیب کے مؤثر فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور رواں ماہ کے آخر میں زیارت میں کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گاجبکہ رواں برس کے ماہ اگست میں آزادی مشاعرہ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اجلاس میں آئندہ سال 2025 کے پہلے مہینے میں محکمہ ثقافت سیاحت و آرکیالوجی کے زیر اہتمام بلوچستان لیٹریچر فیسٹول کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہدایت کی کہ محکمانہ گرانٹ ان ایڈ کے لئے مختص فنڈز کے موثر استعمال کے لیے نظر ثانی میکنزم وضع کیا جائے اور کلچرل ایونٹس کے انعقاد سے متعلق محکمانہ اقدامات کو سوشل میڈیا پر بھر پور انداز سے پروموٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں بولی کی جانے والی مقامی زبانوں کی ترقی اور ترویج کے لیے بھی خصوصی اقدامات کرے گی اور اس سلسلے میں ان مقامی زبانوں کی اکیڈمیز کی بھرپور معاونت کی جائے گی جو مقامی سطح پر بولنے والی زبانوں کے موثر فروغ کے لیے احسن انداز سے کام کر رہی ہیں۔