کراچی: سندھ حکومت نے 2 ایڈیشنل اور 6 اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کوعہدوں سے ہٹا دیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہٹائے گئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز میں صولت رضوی اور چوہدری وسیم اختر شامل ہیں۔
عہدے سے فارغ صولت رضوی گریڈ ایک سے 15 تک نوکریوں کی بھرتی والے کیس میں پیش ہوتے رہے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عہدوں سے فارغ کیے گئے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز میں نوشابہ سولنگی، غلام اکبر، عمران علی جتوئی، شرف الدین جمالی، غلام مصطفی ابڑو اور عروج فاطمہ بھٹو شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے گریڈ ایک سے 15 کی نوکری کیلیے بھرتیوں کا عمل غیر قانونی قرار دے دیا تھا اور عدالت نے بھرتیوں کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست منظور کرلی تھی۔
