اسلام آباد:بجٹ منظوری کے بعد عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی سائیکل کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے عوام نے جب سائیکل مارکیٹ کا رخ کیا تو مزید پریشان ہوگئی، سائیکل کی قیمت بھی استعمال شدہ موٹر سائیکل کی قیمتوں کے برابر پہنچ چکی ہیں، سائیکل مارکیٹ کے دکاندار اپنی مرضی کی قیمت پر سائیکل فروخت کرنے لگے۔
ایسے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ کم آمدنی کی وجہ سے جب ہم سائیکل لینے گئے تو سمجھ نہیں آیا کہ کیا کریں ؟ کیونکہ سائیکل خریدنے اس لیے آئے تھے کہ بھاری کرایوں کے بوجھ سے بچیں، لیکن یہاں تو سائیکلز کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔
خیال رہے کہ 10 ہزار روپے میں ملنے والی سائیکل اب 25 سے 30 ہزار روپے میں دستیاب ہے جو کہ عام آدمی کی جیب پر بھاری پڑ رہی ہے۔
