اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت نہیں بلکہ ایک وائسرائے کا حکم چلتا ہے اور جب دل کرے چیزیں مہنگی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئے روز مہنگائی میں اضافے سے لوگ نان وشبینہ کو محتاج ہوگئے ہیں، قوم پہلے ہی مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار سے پریشان ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مذید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو ملک گروی رکھوا دیا ہے، اگر ان سے حکومت نہیں چل رہی تو گھر بیٹھ جائیں، جے یوآئی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں مہنگائی کے خاتمے کے لیے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔