مسقط:عمان کے ساحل کے نزدیک ایک آئل ٹینکر اُلٹنے سے عملے کے 16 افراد لاپتا ہیں۔ اِن میں 13 کا تعلق بھارت سے ہے۔ یہ آئل ٹینکر یمن کی بندرگاہ عدن جارہا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عملے کے تین ارکان کا تعلق سری لنکا سے ہے۔ عملے کے ارکان کو تلاش کیا جارہا ہے۔ آئل ٹینکر ‘پریسٹِج فیلکن’ پر کوموروز کا پرچم لہرا رہا تھا۔ یہ جہاز پیر کو عمان کی بندرگاہ دُقم سے 25 ناٹیکل میل دور راس مدرکہ کے جنوب مشرق میں اُلٹ گیا۔
عمان کی میریٹائم ایجنسی نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ جہاز پلٹ گیا ہے تاہم یہ وضاحت نہیں کی کہ اُس میں سے تیل رِس رہا ہے یا نہیں۔ ایل ایس ای جی کے شپنگ ڈیٹا کے مطابق 117 میٹر لمبا یہ آئل ٹینکر 2007 میں تیار کیا گیا تھا۔ ایسے چھوٹے جہاز بالعموم کم فاصلوں کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
دُقم کی بندرگاہ عمان کے جنوب مغربی ساحل پر واقع ہے جو ملک میں تیل اور گیس کے بڑے منصوبوں کا مرکز ہے۔ یہاں ایک بڑی آئل ریفائنری بھی واقع ہے جو ملک کے سب سے بڑے اقتصادی منصوبے یا اقتصادی زون کا حصہ ہے۔
