
مقبوضہ بیت المقدس/غزہ/پیرس ( مانیٹرنگ ڈیسک ) اسرائیلی پارلیمنٹ (کینسیٹ) نے فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کردیا۔اسرائیلی پارلیمنٹ نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے 2ریاستی منصوبے کے خلاف قراردار منظور کی اور اسرائیل کی تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ نے ایسی قرارداد منظور کی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق قرارداد میں فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف 68 اراکین پارلیمنٹ نے ووٹ دیا جب کہ 9 اراکین نے قرار داد کی مخالفت کی، اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائرلپید کی پارٹی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ کینسیٹ کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی ریاست اسرائیل کے وجود اور اسرائیلی شہریوں کے لیے خطرے کے طور پر رہے گی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق قرارداد سے اسرائیلی اور عرب ممالک میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کا دھچکا لگا ہے۔ قبل ازیں غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بے گھر فلسطینیوں پر بمباری نہ تھمی، 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے 10 روز میں اقوام متحدہ کے 8 پناہ گزین اسکولوں کو نشانہ بنایا۔سول ڈیفنس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر تازہ اسرائیلی حملے میں کم از کم 14فلسطین شہید ہوئے۔دوسری جانب حماس نے بھی مارٹر گولوں اور بارودی سرنگوں سے جوابی حملے کیے جس میں کئی اسرائیلی ٹینک تباہ اور کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر امریکا نے امداد کی رسائی کے لیے غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ ختم کر دی۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ کا میری ٹائم مشن مکمل ہوگیا،جس کے بعد عارضی بندرگاہ کی مزید ضرورت نہیں ہے۔فلسطینی مہاجرین کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی تنظیم انروا کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ملبے کو صاف کرنے میں 15 سال لگ سکتے ہیں۔علاوہ ازیں پیرس اولمپکس 2024ء میں اسرائیل کی شرکت کے خلاف فرانس میں احتجاج کیا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرین نے پیرس اولمپکس ہیڈکوارٹرز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اولمپکس گیمز میں اسرائیلی ٹیموں کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نسل کشی کرنے والے ملک کی ٹیموں کا اولمپکس گیمز میں خیرمقدم نہیں کرسکتے، غزہ میں روز ہونے والی ہلاکتیں نسل پرستی اور اسلاموفوبیا ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ پر سب جاگ گئے، غزہ کے لوگ مسلمان ہیں تو سب غیر جانبدار بنے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے پیرس اولمپکس میں شرکت کے لیے 88 ایتھلٹس پر مشتمل دستہ بھیجا جارہا ہے۔