اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ہمارا حق نہیں، مخصوص نشستیں جس جماعت کی بنتی ہیں اس کو ملنی چاہئیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے، جمہوریت چلنی چاہیے، اداروں کا احترام ناگزیر ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پارلیمان کیساتھ کھڑی ہوتی ہے اور مضبوطی کیلئے کام کرتی ہے، تاریخ گواہ ہے آج وہی پارٹی پی پی سے مدد مانگ رہی ہے جو خود باعث بنی۔
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ مخصوص نشستیں کسی اور کو نہیں مل سکتیں، پی ٹی آئی کا بیان حلفی دینے والے 39 ارکان کو مخصوص نشستیں دی جاسکتی ہیں، 41 ایسےلوگ تھے جنہوں نے بیان حلفی نہیں دیا ان کو کیسے نشستیں مل گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کی تھی۔
