کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، وقت سے زیادہ درست سمت کا تعین ضروری ہے، اصلاحات کا عمل اشد ضروری ہے، اس کے لیے کمیٹی قائم کردی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈیرہ بگٹی آمد کے موقع پر کیا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ڈیرہ بگٹی پہنچے تو لیویز فورس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوامی وفود اور سائلین سے ملاقات کی اور موقع پران کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس کے قیام کے لیے اقدامات اُٹھارہے ہیں، مفاد عامہ کے لیے قائم اداروں کی فعالیت ہی سے عوامی مسائل کا ادارک ممکن ہے، وقت سے زیادہ درست سمت کا تعین ضروری ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اصلاحات کا عمل اشد ضروری ہے، اس سلسلے میں کمیٹی قائم کردی ہے، وزیر اعلیٰ نے بزرگ قبائلی شخصیت وڈیرہ نبی بخش پیروزانی بگٹی کے لواحقین سے تعزیت و فاتحہ خوانی بھی کی۔