ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) آل پارٹیز مجلس ختم نبوت کی جانب سے توہین رسالت و کلام پاک کی بے حرمتی کے خلاف مکمل شٹر بند ہڑتال، مرکزی مارکیٹیں، بمبئی بازار، شاہی بازار، اسٹیشن چوک، صرافہ بازار، ایم اے جناح روڈ مکمل بند۔ تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز ختم نبوت کی اپیل پر توہین رسالت اور کلام پاک کی بے حرمتی کرنے کے خلاف گزشتہ روز مرکزی بازار، بمبئی بازار، شاہی بازار، صرافہ مارکیٹ، اسٹیشن چوک سمیت دیگر مارکیٹیں مکمل بند رہیں، جبکہ مرکزی جامع مسجد سے علامہ راشد مدنی، عبدالغفور انصاری، مشتاق عادل کی سربراہی میں پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قادیانیوں کے لیے نرمی ناقابل برداشت ہے، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مسلمانوں کی غیرت و ایمان دیکھنے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں، قادیانیوں کے قانون سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اعلیٰ عدلیہ کے چیف جسٹس کی جانب سے قادیانیوں کے لیے نرمی ناقابل برداشت ہے، گستاخ رسول فراز پرویز کو فوری گرفتار کیا جائے، ٹنڈوآدم میں کلام پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔