کوئٹہ(نمائندہ جسارت )بلوچستان حکومت اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد نہ ہو سکا ، مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ جاری جبکہ کوئٹہ کے ریڈ زون کو دوبارہ سیل کر دیا گیا۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے تحت گوادر میں جاری مرکزی دھرنے کے منتظمین اور بلوچستان حکومت کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہو سکا ، گوادر کی میرین ڈرائیو پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ احتجاجی مظاہرین نے لسبیلہ ہائی وے ، کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ ، گوادر سوراب پنجگو روڈ کو بند کر رکھا ہے،کوئٹہ میں یونیورسٹی چوک ، سریاب کسٹم ، ہزار گنجی مشرقی بائی پاس احتجاج کے باعث بند ہیں، بی وائے سی کی کال پر نوشکی ، چاغی ، مستونگ ،قلات ، خضدار ، خاران ، پنجگور ، کیچ اور گوادر میں شٹر ڈائون ہڑتال بھی جاری ،ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے سیکورٹی کے پیش نظر ریڈ زون کو جی پی چوک ، ہاکی چوک ، عبدالستار ایدھی چوک کی کی جانب سے دوبارہ سیل کر دیا، ریڈ زون کو گزشتہ روز معاہدہ طے پانے کے بعد کھول دیا گیا تھا ،بی وائے سی ذرائع کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ احتجاج کا دوبارہ آغاز نوشکی میں فائرنگ سے بی وائے سی کے کارکن کی ہلاکت کے بعد ہوا۔