پشاور(این این آئی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ماحولیاتی سیاحت سے مالامال ہے جو صحت کا ضامن ہونے کے سبب سیاحوں کیلئے بھی کشش کا باعث ہے۔ انہوں نے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ وہ ایکو ٹورزم پر بھرپور توجہ دیں، مقامی کمیونٹی کے تعاون سے ہمہ گیر شجر کاری مہم چلائیں اور قدرتی ماحول اور مقامی ثقافت کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سیاحتی سہولیات کو فروغ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سوات کے دوران پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایکو ٹورزم مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر زاہد چن زیب نے اتھارٹی کے سبزہ زار میں چیڑ کا پودا لگایا جبکہ دیگر حکام نے بھی پودے لگا کر جشن آزادی کی اس منفرد مہم میں حصہ لیا ل۔ مشیر سیاحت نے موقع پر موجود سیاحوں میں قابل تحلیل یعنی بائیو ڈیگریٹیبل بیگز بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب میں زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت سوات کے قدرتی حسن کو دوام بخشنے کیلئے ٹھوس اقدامات چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماحولیاتی سیاحت کے ذریعے سوات کو عالمی سطح پر متعارف کرانا چاہتے ہیں جس میں اتھارٹیز اور مقامی کمیونٹی کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ شجر کاری کے ذریعے ایکو ٹورزم مہم کا مقصد نہ صرف ماحول کی حفاظت بلکہ مقامی لوگوں کو بھی اس کے فوائد پہنچانا ہے۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کو ایسے طریقے سے منظم کیا جائے جو ماحول کو کم سے کم نقصان پہنچائے سیاحتی مقامات پر کچرا نہ پھینکا جائے، جنگلی حیات کو پریشان نہ کیا جائے اور قدرتی وسائل کا محفوظ استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایکو ٹورزم کو حقیقی معنوں میں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے مقامی کمیونٹی کی شمولیت لازمی ہے تاکہ مقامی ثقافت، روایات اور معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ایکو ٹورزم میں استعمال ہونے والی مقامی مصنوعات کی پروموشن یقینی بنے گی۔