بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒکے 281 ویں سالانہ عرس کے حتمی انتظامات کا جائزہ لیا گیا جو 20 اگست سے بھٹ شاہ میں سخت سیکورٹی میں شروع ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹاؤن انتظامیہ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، پانی کے نکاس کے لیے جنگی بنیادوں پر مکمل تیاریاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی غفلت اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 3 روزہ پروگرام میں مزار پر چادر چڑھانا، شاہ جو باغ میں ثقافتی گاؤں کا قیام، ملاکھڑو، زراعت اور لائیو اسٹاک نمائش، سگھڑن جی کچہری، لطیف ادبی کانفرنس، راگ رہان اور اختتامی تقریب میں شاہ کے پیغام کو فروغ دینے والے افراد کو لطیف ایوارڈ دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہ لطیف کے عقیدت مندوں کی سیکورٹی اور طبی بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف ہنگامی کانٹیجنسی پلان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی پیشگوئی کی روشنی میں قریبی اضلاع سے صفائی اور پانی نکاسی کرنے کے عملے کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی صورت حال سے نمٹا جاسکے۔