ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بنگلا دیش کی سابق وزیرِاعظم اسپتال سے گھر منتقل

بنگلا دیش کی سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا ایک ماہ تک اسپتال میں زیرِعلاج رہنے کے بعد اب گھر منتقل ہوگئی ہیں۔ عوامی لیگ کے عہدِ اقتدار میں خالدہ ضیا کو زیادہ وقت جیل میں گزارنا پڑا۔ 79 سالہ خالدہ ضیا دو بار وزیرِاعظم رہ چکی ہیں۔

یاد رہے کہ طلبہ تحریک کے نتیجے میں 5 اگست کو شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہوکر بھارت فرار ہونے کے بعد خالدہ ضیا کو رہائی ملی تھی اور اب ان پر سے تمام مقدمات بھی ختم کردیے گئے ہیں۔

خالدہ ضیا بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئر پرسن ہیں اور جماعتِ اسلامی بنگلا دیش اُن کی اتحادی رہی ہے۔ عبوری حکومت کے تحت ہونے والے انتخابات میں بھی بی این پی اور جماعتِ اسلامی بنگلا دیش کے اتحاد کا امکان ہے۔

عوامی لیگ کے عہدِ اقتدار میں بی این پی اور جماعتِ اسلامی بنگلا دیش کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں جماعتوں کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگادی گئی تھی اور طلبہ تحریک کے آخری دنوں میں جماعتِ اسلامی اور اُس کے اسٹوڈنٹ ونگ اسلامی چھاترا شِبر پر بھی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

خالدہ ضیا کی صحت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ سیاست میں دوبارہ فعال ہوں اس لیے اب بی این پی کے معاملات اُن کے صاحبزادے طارق رحمٰن کے ہاتھ میں ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں