راولپنڈی(مانیٹر نگ ڈ یسک ) اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سیکورٹی پر تعینات 3 افسران چند ہی
دن بعد دوبارہ تبدیل کردیے گئے اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے اڈیالہ جیل میں تعینات سیکورٹی افسران کا تقرر اور تبادلوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آفتاب احمد کو تبدیل کرکے سیکورٹی افسر پنجاب پریزن اسٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال تعینات کردیا گیا ہے۔اسی طرح لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ثمرہ جبین کو اڈیالہ جیل سے ایجوکیشن ریجنل آفس بہاولپور اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مظہر اقبال اسلم کو اڈیالہ جیل سے تبدیل کرکے سپرنٹنڈنٹ ایجوکیشن آفس ڈی جی خان تعینات کردیا گیا ہے۔