
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست جارجیا کے شہر ونڈرمیں افسو س ناک واقعے نے عوام کو ایک بار پھر ہلا کر رکھ دیا،جہاں ہائی اسکول میں 14 سالہ لڑکے نے فائرنگ کر کے 4افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ مرنے والوں میں 14 سال کی عمر کے 2طالب علموں کے علاوہ ایک 39 سالہ استاد اور 53 سالہ استانی شامل ہیں۔ واقعے میں 9افراد زخمی بھی ہوئے جن کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کہنا ہے کہ قاتل لڑکے نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا اور اس پر قتل کی فرد جرم عائد کی جائے گی۔ فوری طور پر واقعے کے محرکات سامنے نہیں آئے،تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔ دوسری جانب صدر جوبائیڈن نے واقعے پر گہرے غم کا اظہارکیا۔ انہوںنے کہا کہ میں مرنے والوںکے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔