اورماڑہ: بلوچستان کے ساحل اورماڑہ پر پھنسنے والی نایاب نسل کی ریسو ڈولفن کو مقامی ماہی گیروں نے محفوظ طریقے سے دوبارہ سمندر میں چھوڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کا کہنا ہےکہ ریسو ڈولفن ایک نایاب نسل کی ڈولفن ہے جو موٹی جسامت، گول اور چپٹے سر کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے،یہ تقریباً تمام گرم اور معتدل پانیوں میں پائی جاتی ہے،یہ 1,000 فٹ گہرائی میں ڈائیو کرسکتی ہے اور 30 منٹ تک سانس روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
محمد معظم خان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں ریسو ڈولفن کی موجودگی کے صرف تین واقعات ریکارڈ پر ہیں، پہلی بار 2000 کی دہائی کے اوائل میں اس کی موجودگی رپورٹ ہوئی، 24 مارچ 2020 کو کلفٹن بیچ، کراچی پر ایک نر ریسو ڈولفن ملی تھی۔
ذرائع کے مطابق اورماڑہ ساحل پر یہ نایاب ڈولفن گزشتہ روز صبح پھنس گئی تھی، مقامی ماہی گیروں نے فوری مدد فراہم کرتے ہوئے اسے دوبارہ سمندر میں چھوڑ دیا، وائلڈ لائف نے ماہی گیروں کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ یہ سمندری حیات کے تحفظ کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔