وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو “بے نظیر روزگار اسکیم” میں تبدیل کیا جائے تاکہ یہ عوام کو محض مالی معاونت فراہم کرنے کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی سطح کا منصوبہ ہے اور یہ تجویز بھی وفاقی حکومت کی جانب سے سامنے آئی ہے کہ اس پروگرام کو صوبائی حکومتیں بھی اپنی منظوری دیں، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے اس معاملے پر بات ہوسکتی ہے، کیونکہ یہ پروگرام بنیادی طور پر قومی نوعیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنی نوعیت کا ایک اچھا پروگرام ہے لیکن حکومت چاہتی ہے کہ اس کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ “ہماری خواہش ہے کہ یہ پروگرام محض نقد امداد تک محدود نہ رہے بلکہ لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے، اسی لیے اس کی نئی شکل ’بے نظیر روزگار اسکیم‘ زیر غور ہے،” رانا ثنا اللہ نے وضاحت کی۔
سیاسی جماعتوں کے باہمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اختلافی بیانات کو مثبت معنوں میں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جماعتوں کے مابین مسائل حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی پہلے ہی کام کر رہی ہے۔
حالیہ سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں آزادانہ سروے کرایا گیا ہے اور اس ڈیٹا کی بنیاد پر متاثرین کو امداد فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق سیلاب زدگان کی بحالی اور معاونت بنیادی طور پر صوبائی سطح پر عمل میں لائی جائے گی۔