اسلام آباد: پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے چین ایک بار پھر عملی تعاون کے ساتھ آگے بڑھا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین سے امدادی سامان سے لدے 2 خصوصی طیارے نور خان ایئربیس راولپنڈی پہنچے، جن میں مجموعی طور پر 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل شامل تھے۔ یہ امداد براہِ راست ان متاثرین کے لیے بھیجی گئی ہے جن کے گھر بار پانی کی نذر ہو چکے ہیں اور جو کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے ایئر بیس پر امدادی سامان وصول کیا اور چین کے طیارے کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر بھی شریک تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھے گا۔
امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ امداد پاک چین دوستی کی لازوال حقیقت کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی ادارے اور این ڈی ایم اے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور چین کی یہ امداد اس عمل کو مزید تقویت دے گی۔
پاکستانی حکام کے مطابق متاثرین تک امداد کی بروقت ترسیل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ریلیف پہنچایا جا سکے۔