متحدہ عرب امارات نے ویزہ قوانین میں بڑی اصلاحات کرتے ہوئے کئی نئی اقسام کے ویزے متعارف کرائے ہیں۔
اعلان کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ماہرین کے لیے خصوصی ویزہ جاری کیا جائے گا، جب کہ مختلف ایونٹس، فیسٹیولز، نمائشوں، کانفرنسز اور کھیلوں میں شرکت کے لیے نیا “ایونٹ ویزہ” متعارف کرایا گیا ہے۔ کروز یا تفریحی جہاز کے ذریعے آنے والے سیاحوں کو ملٹی پل انٹری ویزہ دیا جائے گا۔
اماراتی حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جنگ یا قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو بغیر اسپانسر ایک سالہ رہائشی پرمٹ فراہم کیا جائے گا۔ اسی طرح بیوہ اور مطلقہ خواتین بھی بغیر اسپانسر رہائش حاصل کرسکیں گی۔
رشتہ داروں اور دوستوں کے وزٹ ویزے کے لیے اسپانسر کی کم از کم آمدنی کی شرط رکھی گئی ہے، جس کے تحت دوست کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم 15 ہزار درہم ماہانہ آمدنی ہونا ضروری ہوگا۔
کاروباری افراد کے لیے بزنس ویزہ مالی دستاویزات کی بنیاد پر دیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک کمپنی رکھنے والوں کو بھی یہ سہولت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی ڈرائیورز کے ویزے صرف لائسنس یافتہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ذریعے اسپانسر کیے جاسکیں گے۔