کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
شہر کے کئی علاقوں میں تیز بارش دیکھنے میں آئی ہے جن میں گلستان جوہر، ملیر، ماڈل کالونی اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت اطراف کے علاقے شامل ہیں۔ بارش کے باعث نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھارتی گجرات کے قریب موجود ہے، جسے بحیرہ عرب سے نمی کی شکل میں توانائی مل رہی ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے اور امکان ہے کہ کل تک یہ شمالی بحیرہ عرب میں داخل ہوجائے۔
آج دوپہر کے وقت بھی شہر کے مختلف حصوں میں بارش ہوئی جس میں گرومندر، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، ایف سی ایریا اور پرانی سبزی منڈی کے علاقے شامل تھے۔ بارش کے اس سلسلے نے شدید گرمی کی شدت کو کم کردیا اور موسم کو خوشگوار بنادیا۔
موسم کا یہ سلسلہ شہریوں کے لیے جہاں خوشی کا باعث ہے، وہیں بعض مقامات پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔