ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آئرلینڈ کی اسرائیل پر تنقید، غزہ فلوٹیلا پر حملہ بین الاقوامی بحری قوانین کیخلاف ورزی قرار

ڈبلن :آئرلینڈ کے وزیراعظم (تاؤسیخ) میہل مارٹن نے غزہ کی جانب امداد لے جانے والےگلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بین الاقوامی بحری قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ کے وزیراعظم نے کہا کہ اگر یہ حملہ بین الاقوامی پانیوں میں کیا گیا ہے تو یہ یقیناً عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم مارٹن کا کہنا تھا کہ یہ مشن خالصتاً انسانی بنیادوں پر تھا جس سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں تھا،  اس کا مقصد صرف غزہ کے عوام تک امداد پہنچانا اور دنیا کو ان کی حالتِ زار کی طرف متوجہ کرنا تھا، غزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کی امداد پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئرش شہریوں سمیت تمام گرفتار کارکنوں کو قونصلر مدد فراہم کی جائے گی اور یہ نہایت اہم ہے کہ انہیں انسانی وقار کے مطابق برتاؤ ملے۔

خیال رہےکہ فلوٹیلا منتظمین کے مطابق اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والے بین الاقوامی قافلے پر حملہ کرکے کم از کم 223 کارکنوں کو گرفتار کیا، جن کا تعلق مختلف ممالک سے تھا،گلوبل صمود فلوٹیلا نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان کارکنوں کے نام اور قومیتوں کی تفصیلات جاری کیں۔ گرفتار کارکنوں میں اسپین، اٹلی، برازیل، ترکی، یونان، امریکا، جرمنی، سویڈن، برطانیہ اور فرانس سمیت متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ گزشتہ 18 برس سے اسرائیلی محاصرے میں ہے اور مارچ 2025 میں اسرائیل نے ناکہ بندی کو مزید سخت کرتے ہوئے سرحدی گزرگاہیں بند کر دی تھیں۔ اس اقدام نے خوراک اور ادویات کی ترسیل روک کر علاقے میں بھوک اور بیماریوں کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بارہا خبردار کر چکی ہیں کہ غزہ تیزی سے ناقابلِ رہائش خطہ بنتا جا رہا ہے۔

  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں