ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

شرجیل میمن اور عظمیٰ بخاری آمنے سامنے، دونوں وزیر اطلاعات کی ایک دوسرے پر الزامات

کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے درمیان سیاسی بیانات کی نئی لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے،  دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے پر سخت الزامات لگاتے ہوئے براہِ راست مباحثے کا چیلنج بھی دے دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کوئی بولے کہ ہم آپ کی انگلی توڑ دیں گے تو کیا ہم ڈر جائیں گے؟ ہم  ڈرنے والے نہیں، کوڑے اور پھانسیاں جھیلنے والے گیدڑ بھپکیوں سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد سمجھ سے باہر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا اسکرپٹ رائٹر انہیں غلط راہ پر لے جا رہا ہے،  اسکرپٹ لکھنے والے نے کہا ہے کہ اب پنجاب کارڈ کھیلو، کارکردگی پر تنقید کریں لیکن نفرت نہ پھیلائیں۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کا حصہ نہیں، قومی مفاد کے ایشوز پر حکومت کی حمایت کرتی ہے،  پنجاب حکومت کا اصل نشانہ وفاقی حکومت ہے، ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر ہم وفاق کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ  میرا پانی میری مرضی  جیسی باتیں آئین کو ماننے والا نہیں کہہ سکتا،  اگر میں بھی کہوں کہ میری بجلی، میری گیس، میرا کوئلہ تو یہ وفاق کی وحدت کے خلاف ہوگا،  ہم آئین کے مطابق بات کرتے ہیں اور کام کرتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 100 سے زائد کامیاب منصوبے مکمل کیے ہیں، جن میں ای وی بس منصوبہ نمایاں ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ خود آئیے گا ضرور، کسی پراکسی کے پیچھے مت چھپیے گا،  پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کا آپ کا بیانیہ ناکام ہوگیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کی ترقی سے حسد کر رہی ہے اور کارکردگی کے سوال پر صوبائیت کارڈ کھیلنے لگتی ہے،جب آپ سے کام کی بات پوچھی جاتی ہے تو آپ وفاق اور پنجاب کے خلاف سازش کا شور مچاتے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں