پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد اپوزیشن جماعتیں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے سرگرم ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، علی امین گنڈاپور کے مستعفی ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے باہمی مشاورت شروع کر دی ہے اور اپنے اراکینِ اسمبلی کو پشاور میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین مشاورت کے بعد اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے اور نیا امیدوار لانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی اس سلسلے میں پشاور میں موجود ہیں۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر برائے اطلاعات و نشریات اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر متحدہ اپوزیشن میں مشاورت جاری ہے اور وزیراعلیٰ کے لیے ایک متفقہ امیدوار لایا جائے گا۔
ادھر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے جنرل سیکرٹری ملک حبیب نور اورکزئی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار پر ان کی جماعت بھی مشاورت کر رہی ہے۔ اگر اسمبلی میں عددی اکثریت حاصل ہو گئی تو جے یو آئی (ف) کے امیدوار کو آگے لایا جا سکتا ہے، جبکہ آزاد اراکین سے بھی رابطے جاری ہیں۔