واشنگٹن:۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب جلد اسرائیل کو تسلیم کر لے گا، انہوںنے ابراہم معاہدے کی جلد توسیع کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے کی جلد توسیع کی توقع رکھتے ہیں۔
جمعہ کوفاکس بزنس نیٹ ورک پر نشرہونے والے ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ سعودی عرب بھی جلد ابراہم معاہدے میں شامل ہو گا، میں چاہتا ہوں سعودی عرب معاہدے میں شامل ہو، سعودی عرب ابراہم معاہدے میں شامل ہو گا تو سب شامل ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بدھ کو متعددممالک سے مثبت بات چیت ہوئی جس میں کئی ممالک نے معاہدے میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے، ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا ، “مجھے لگتا ہے کہ وہ سب بہت جلد معاہدے میں شامل ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2020ءمیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بحرین نے اسرائیل سے تعلقات بحال کر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، مراکش اور سوڈان نے بھی ابراہم معاہدے میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ٹرمپ نے حال ہی میں مصر میں مسلم و یورپی رہنماﺅں کا اجلاس بلا کر غزہ پر گفتگوکی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ ختم کرنے کا منصوبہ خطے میں وسیع تر امن معاہدے کا باعث بن سکتا ہے جب کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بھی امن معاہدہ ممکن ہے۔