مری:۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی ایکٹ 2025ءمیرے دستخط کا منتظر ہے اور میں بلدیاتی ایکٹ کو سمجھنے کا منتظر ہوں۔ مری بار ایسوسی ایشن کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری بلدیات پیر کو بریفنگ دیں گے، پھر بلدیاتی ایکٹ 2025 پر فیصلہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اس ملک کا رہائشی ہوں، بیرون ممالک جائیدادیں بھی نہیں، نہ کہیں شفٹ ہونا ہے، احتجاجی مظاہروں سے ملکی ترقی کا راستہ نہ روکا جائے، جذبات میں آکر اپنے ہاتھوں سے اپنے ملک کا نقصان نہ کریں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مری میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے مقامی لوگوں کے گلے شکوے دور کرنے کی ضرورت ہے، سڑکیں بند کرنے، دکانیں جلانے اور عوام کے مال وجان کو نقصان پہنچانے کے خلاف سخت قانون سازی ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی میڈیا پر اپنے ملک کو بدنام کرنے کی سخت سزا ہونی چاہیے۔