لکھنو:۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بڑھک مارتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ہر انچ زمین براہموس میزائل کی زد میں ہے اور آپریشن سندور صرف ایک ٹریلر تھا۔
راج ناتھ سنگھ نے یہ بیان ہفتہ کے روز لکھنو کے سروجنی نگر میں واقع براہموس ایرو اسپیس یونٹ میں براہموس میزائل کے پہلے بیج کی روانگی کے موقع پر دیا۔
بھارتی وزیر دفاع نے کہاکہ آپریشن سندور بھارت کی عسکری برتری اور فتح کی مسلسل روایت کا ثبوت ہے۔ راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ براہموس میزائل صرف ایک ہتھیار نہیں بلکہ بھارت کی خود اعتمادی کا ثبوت ہے، جو ہماری بری، بحری اور فضائی افواج کا اہم ستون بن چکا ہے۔
راجناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکیاں دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دفاعی صلاحیت اب ایک موثر روک کے طور پر کام کر رہی ہے۔ اگر بھارت پاکستان کو بنا سکتا ہے، تو وقت آنے پر کیا کرسکتا ہے، یہ سب جانتے ہیں، مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔
بھارتی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ آپریشن سندور میں پاکستان کی اہم تنصیبات اور عسکری ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں بھارت نے مقامی سطح پر تیار کردہ سپرسونک کروز میزائل براہموس کا استعمال کیا۔