ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پی ایم اے کاکول میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ؛ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمان خصوصی

ایبٹ آباد: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایک بار پھر عزم، وقار اور حب الوطنی کے خوبصورت امتزاج کا مظہر بن گیا، جہاں 152ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جنہیں پی ایم اے کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار انداز میں سلامی پیش کی۔ پریڈ کے آغاز پر نظم و ضبط، تربیت اور عسکری مہارت کی روایتی جھلک دیکھی گئی جو پاکستان آرمی کے اعلیٰ معیار کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

تقریب میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور اینٹیگریٹڈ کورس مکمل کرنے والے کیڈٹس شریک تھے، جنہوں نے برسوں کی سخت تربیت کے بعد اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلتے ہوئے ملک کے دفاع کا عہد دہرایا۔ کیڈٹس کے چہروں پر عزم اور فخر کی چمک نمایاں تھی جبکہ فضا میں “اللہ اکبر” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں کی گونج سماں باندھ رہی تھی۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ملکی و غیر ملکی معززین، مختلف ممالک کے سفرا، اعلیٰ حکومتی شخصیات، عسکری قیادت اور دفاعی اداروں کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب میں دفاعی دنیا سے وابستہ افراد  اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نوجوان کیڈٹس کے عزم و حوصلے کو سراہا۔

پریڈ کے دوران کیڈٹس نے مارچ پاسٹ اور مختلف عسکری مظاہرے پیش کیے جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ پورے میدان میں حب الوطنی کی فضا طاری رہی، جہاں ہر کوئی ان جوانوں کے جذبے کو سلام پیش کر رہا تھا جو وطن کے دفاع کے لیے اپنے جان و دل کی بازی لگانے کے لیے تیار ہیں۔

یہ تقریب نہ صرف ایک فوجی روایت کی پاسداری کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کی نئی نسل کے اس عزم کی بھی نمائندہ ہے کہ وطن کی سرزمین کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنا ان کا پہلا اور آخری فرض ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں