ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسرائیلی وزیر خزانہ کا سعودی عرب سے تعلقات پر توہین آمیز بیان

یروشلم: اسرائیل کے وزیر خزانہ اور سخت گیر دائیں بازو کے رہنما بیتزالیل اسموٹریچ (Bezalel Smotrich) نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے ایسا متنازع بیان دیا ہے جس نے نہ صرف اسرائیل کے سیاسی حلقوں میں ہنگامہ برپا کردیا بلکہ خود ان کی حکومت کو بھی وضاحتی موقف اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلیجیس زایونزم پارٹی کے سربراہ اسموٹریچ نے یروشلم میں منعقدہ ایک کانفرنس میں کہا کہ اگر سعودی عرب سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کے بدلے میں اسرائیل کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا پڑا تو وہ اس معاہدے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے طنزیہ اور توہین آمیز لہجے میں کہا کہ اگر سعودی عرب کہتا ہے کہ فلسطینی ریاست کے بدلے تعلقات معمول پر لائیں تو نہیں، شکریہ وہ اپنے صحرا میں اونٹ پر سواری جاری رکھیں، ہم اپنی معیشت، معاشرے اور ریاست کو ترقی دیتے رہیں گے۔

قائد حزبِ اختلاف یائیر لپید نے وزیر خزانہ کے بیان کو اسرائیل کے لیے سفارتی نقصان  اور قوم کی بدنامی  قرار دیتے ہوئے کہاکہ نیتن یاہو کی حکومت مشرقِ وسطیٰ میں امن کی راہ ہموار کرنے کے بجائے سوشل میڈیا کے نچلے درجے کی زبان استعمال کر رہی ہے۔ یہ قیادت نہیں، تباہی ہے۔

انہوں نے عربی زبان میں بھی ایک ٹویٹ کی جس میں سعودی عوام کو یقین دلایا کہ  وزیر خزانہ اسموٹریچ پورے اسرائیل کی نمائندگی نہیں کرتے۔

عوامی و سیاسی دباؤ کے بعد بیتزالیل اسموٹریچ نے اپنا بیان واپس لیتے ہوئے کہا کہ میری سعودی عرب سے متعلق بات بالکل نامناسب تھی اور میں اس سے پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہوں۔

دوسری جانب اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ نے ایک بل کی ابتدائی منظوری دے دی ہے جس کے تحت مغربی کنارے کی یہودی بستیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے، اگرچہ وزیر اعظم نیتن یاہو اور ان کی لیکود پارٹی نے اس بل کی مخالفت کی ہے، حکومت میں شامل دائیں بازو کے اتحادی اس کے حامی ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں واضح طور پر اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے علاقوں کو ضم کرنے کی کوشش نہ کرے، بصورت دیگر سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، ٹرمپ نے کہا کہ اگر اسرائیل نے یہ اقدام کیا تو وہ امریکا کی مکمل حمایت کھو دے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں