اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک کی 3 بڑی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی ناقص کارکردگی پر ایکشن یتے ہوئے مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔
نیپرا کے مطابق گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نقصانات میں کمی اور ریکوری بڑھانے میں ناکام رہیں۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق گیپکو پر 5 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جب کہ الیکٹرک پولز کی ارتھنگ نہ کرنے پر اسے اضافی سزا کے طور پر ستمبر 2024 سے یومیہ ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
اسی طرح کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) پر 4 کروڑ روپے اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ نیپرا نے کیسکو کو 15 روز کے اندر جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023-24 میں تینوں کمپنیوں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا، جس سے قومی خزانے پر 15 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ اسی عرصے میں گیپکو کے نقصانات 2.61 فیصد بڑھے، جس سے خزانے پر 1 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا۔ فیسکو کے نقصانات میں بھی 0.88 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے قومی معیشت پر مزید 4 ارب 80 کروڑ روپے کا مالی دباؤ آیا۔
اتھارٹی نے ان کمپنیوں کو پہلے شوکاز نوٹسز جاری کیے تھے اور سماعت کے دوران وضاحت طلب کی گئی، تاہم تینوں کمپنیاں اپنے دفاع میں نیپرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہیں۔
نیپرا کے مطابق بجلی کمپنیوں کی انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص نظام کے باعث لائن لاسز میں اضافہ اور ریکوری میں کمی نے صارفین اور خزانے دونوں کو نقصان پہنچایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے شعبے میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے احتسابی عمل مزید سخت کیا جائے گا تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں جرمانے ادا نہ کیے گئے تو مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔