کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر الیکٹرانک چالان (ای چالان) کا سلسلہ جاری ہے، تاکہ شہریوں میں قانون کی پاسداری اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کیا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پیر کے روز شہر بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 485 ای چالان جاری کیے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ یعنی 2 ہزار 433 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جو ڈرائیوروں کی جانب سے سب سے عام خلاف ورزی قرار دی گئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث 511 چالان جاری ہوئے، جبکہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 78 ڈرائیوروں کو جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 27، اوور اسپیڈنگ پر 51، اور بس کی چھت پر مسافروں کو بٹھانے پر 45 چالان جاری کیے گئے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر بھی 5 ڈرائیوروں کو ای چالان جاری ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری اگر ٹریفک قوانین پر عمل کریں تو حادثات میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے۔