اسلام آباد:۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم صوبوں کے دلوں کے بہت قریب ہے ، ہرگز سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات میں 27 ویں ترمیم پر حمایت مانگی ہے۔
شازیہ مری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے سے 27ویں ترمیم کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، حکومت نے باقاعدہ پیپلز پارٹی سے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ترمیم سے متعلق پیپلز پارٹی کی سی ای سی میں فیصلے کیے جائیں گے، صوبوں کے اختیارات پر پیپلز پارٹی نے اتفاق رائے پیدا کیا، 18ویں ترمیم میں صوبوں کے اختیارات سے پیچھے ہٹنا مناسب بھی نہیں ہوگا اور ممکن بھی نہیں ہوگا۔
شازیہ مری نے کہاکہ پیپلز پارٹی تمام چیزیں اپنے اصولی موقف پر دیکھے گی، حکومت اگر کسی چیز پر متفق ہے اور ہمیں متفق کرنا چاہتی ہے تو اس پر بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ساتھ بیٹھیں گے تو عوامی مسائل پر بات کریں گے، 27ویں آئینی ترمیم کو عوامی اعتبار سے بھی دیکھا جائے گا، 18ویں ترمیم صوبوں کے دلوں کے بہت قریب ہے، اس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب میں جن لوگوں نے تکلیف اٹھائی ہمیں ان کی طرف دھیان دینا چاہیے، پیپلز پارٹی کا سادہ سا مطالبہ تھا، ہم نے کبھی لفظوں کی جنگ نہیں چھیڑی، ہماری دہشت گردی، معاشی حالات اور بے روزگاری جیسے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔