(فائل فوٹو)
باکو:۔ آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں پاکستان کے جدید جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا، جس نے پریڈ گراﺅنڈ میں موجود حاضرین کو مسحور کر دیا۔ جیسے ہی یہ لڑاکا طیارے گھن گرج کے ساتھ فضا میں اڑے، ماحول وطن دوستی اور جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔
آذر بائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں پاک فوج کے خصوصی دستے نے شرکت کی اور قومی پرچم تھامے ہوئے پاکستانی فوجی دستے نے مہمانوں کو سلامی دی۔ پاکستانی ہیلی کاپٹروں نے بھی ترکیے اور آذربائیجان کے ساتھ مل کر فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔
باکو کی فضاﺅں میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیاروں کی گھن گرج نے بھی دیکھنے والوں کا لہو گرما دیا۔ زمین پر ٹینکوں اور میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی۔ دیکھنے والوں نے پاکستان، آذربائیجان اور ترکیے کے فوجی دستوں کی مہارت کو خوب سراہا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ کے مطابق آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں پاکستانی دستے اور جے ایف-17 تھنڈر طیارے شریک ہوئے۔ یہ دن 2020ءکی 44 روزہ کاراباخ جنگ میں آذربائیجان کی فتح کی یاد میں ہر سال 8 نومبر کو منایا جاتا ہے۔
وزیراطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ “پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی زندہ باد۔ آج پاکستانی افواج اور جے ایف-17 تھنڈر طیارے آذربائیجان کی یومِ فتح پریڈ میں شرکت کر رہے ہیں، جو کاراباخ کی آزادی کی علامت ہے”۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے باکو میں مشترکہ عشائیے میں شرکت کی۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران مختلف تقاریب میں شریک ہوئے، جہاں دونوں رہنماﺅں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔