لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور بڑے عوامی اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ 4 یا زائد افراد کے کسی بھی عوامی مقام پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
پابندی کا اطلاق شادی، جنازے، تدفین اور سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عوامی جلوس و دھرنا دہشت گردوں کے لیے آسان ہدف بن سکتا ہے اور شرپسند عناصر اس کا فائدہ اٹھا کر ریاست مخالف سرگرمیاں کر سکتے ہیں۔