ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

عمران خان کے اقتدار میں آتے ہی آئینی ترامیم واپس ہوں گی، اسد قیصر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ایک بار پھر حالیہ آئینی ترامیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آتے ہی 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے گا

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے موجودہ پارلیمنٹ کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی قانون سازی کسی صورت عوامی اعتماد کی نمائندگی نہیں کرتی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ ایوان کو قانون سازی کا اختیار نہیں، اس لیے جو ترامیم منظور کی جا رہی ہیں وہ نہ صرف ناقص ہیں بلکہ انتہائی عجلت میں کی جانے والی مشق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی کوئی معمولی معاملہ نہیں ہوتا اور نہ ہی اسے چند گھنٹوں کی بحث یا اچانک اجلاس کے ذریعے نمٹایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا قانون میں ترمیم اسی طرح ہوتی ہے کہ پہلے ایک شکل میں پیش کی جائے اور پھر فوری طور پر تبدیل کر دی جائے؟ ان کے مطابق یہ طرزِ قانون سازی نہ آئینی روایت کے مطابق ہے اور نہ ہی جمہوری اقدار سے ہم آہنگ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے خود ایوانوں سے غیر حاضر رہتے ہیں لیکن کل مخصوص اجلاس میں شریک ہونا ضروری سمجھا۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے ججوں، خصوصاً جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے مستعفی ہونے کے فیصلے کو وہ خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کے بقول وکلا برادری اور مزدور تنظیموں کو بھی عدلیہ کی مضبوطی کے لیے اصولی مؤقف پر ڈٹ جانا چاہیے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں