اسلام آباد: جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے چیف جسٹس امین الدین سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی، اہم وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
حلف برداری کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے، جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی تقریب میں شریک رہے۔
جسٹس امین الدین خان پہلے جج ہیں جو اس نئی قائم شدہ عدالت کی سربراہی کریں گے۔ آئینی دائرہ کار سے متعلق تمام مقدمات اب اسی عدالت میں سنے جائیں گے، جس کے بعد ملک میں آئینی تشریح اور آئینی تنازعات کے حل کے لئے ایک باقاعدہ خصوصی فورم وجود میں آگیا ہے۔
دریں اثنا وفاقی آئینی عدالت کے دیگر 6 ججز کی حلف برداری بھی آج ہی شیڈول ہے، جس کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈمن بلاک اور ججز چیمبرز کے درمیان اوپن ایریا میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ تمام ججز اپنے منصب کا حلف براہِ راست چیف جسٹس امین الدین سے لیں گے۔