وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے بوڑیوال روڈ پر سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گیس سہولت سے سب سے زیادہ آسانی گھریلو خواتین کو حاصل ہوگی، حکومت نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے قطر سے لیکوئیفائیڈ گیس کا معاہدہ بھی کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے ذخائر کم ہوتے جا رہے ہیں جس کے باعث برسوں تک کنکشنز پر پابندی رہی، تاہم امید ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب ملک میں نئے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوں گے۔
رانا ثناء اللہ نے اپنے خلاف سابق حکومت کے مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص دوسروں کے لیے گڑھا کھودتا ہے، خود اس میں گرتا ہے، پچھلی حکومت نے ان پر 15 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ قائم کیا تھا، مگر اللہ نے انہیں سرخرو کیا، وہ لوگ جو اس جھوٹے کیس کو درست کہتے تھے، آج معافیوں پر آ گئے ہیں، کیونکہ اللّٰہ کا نظام بے مثال ہے؛ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے۔
سینیٹر نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگایا لیکن عملی طور پر کچھ نہ کر سکے، بلکہ کرپشن کے خاتمے کے نام پر فرح گوگی اور پنکی پیرنی جیسے کردار سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” کی کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مضبوط ہوا اور ملک کو عزت ملی، جس کے مثبت اثرات معاشی حالات پر بھی پڑیں گے، پاکستان کا عالمی فورمز پر بڑھتا ہوا اعتماد بھارت کے لیے رسوائی کا باعث بنا، پاکستانی قوم سعودی عرب کی سرزمین کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔
مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی حکومت کی پیدا کردہ نہیں، وہ امید کرتے ہیں کہ یہ سال خیر و عافیت سے گزرے اور حکومت عوامی ریلیف میں کامیاب ہو، آئی ایم ایف پروگرام اپنے آخری مراحل میں ہے اور حکومت کی خواہش تھی کہ عوام کو سبسڈی دی جائے، مگر آئی ایم ایف نے اس کی اجازت نہیں دی۔