بنوں: خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے عوام کے ساتھ مل کر کامیاب آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
میڈیاذرائع کی رپورٹ کے مطابق تختی خیل/ہوید کے سرحدی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر ایک اہم اور فیصلہ کن آپریشن کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے کی قیادت میں ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنۃ الخوراج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں اور لکی مروت پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ خوارج کے خاتمے کے لیے ایسی کامیاب کارروائیاں علاقے میں دیرپا امن کو یقینی بنائیں گی۔
خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ نہیں ملنے دی جائے گی اور یہ مشترکہ آپریشن امن کے استحکام کے لیے جاری رہے گا۔