انڈونیشیا: وسطی جاوا کے دو علاقوں میں لینڈ سلائیڈز کے نتیجے میں اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 21 افراد لاپتہ ہیں، اور ان کی تلاش جاری ہے ۔
عالمی میڈیا رپورٹس کےمطابق پندانارم، بنجارنیگارہ ریجنسی میں 15 نومبر کو ہونے والے لینڈ سلائیڈ کے بعد 10 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی جبکہ 18 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، ریسکیو ٹیم نے مٹی کھودنے کے لیے 17 بھاری مشینری استعمال کی اور تلاش میں کھوجی کتوں کی مدد بھی لی گئی۔
دوسری جانب ماجینانگ ڈسٹرکٹ، سِلَکاپ ریجنسی میں سرچ ٹیم نے لینڈ سلائیڈ کے نتیجے میں 20 لاشیں برآمد کیں جبکہ تین افراد کی تلاش جاری ہے۔ نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے چیف ایئر مارشل محمد شفیعی نے کہا کہ ہم تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ تین لاپتہ افراد کو تلاش کیا جا سکے۔
اسی دوران تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے سونگکھلا میں مون سون کی بارشوں کے باعث شدید سیلاب آیا، جس سے 159 گاؤں اور 17,000 گھر متاثر ہوئے، تقریباً 44,958 افراد متاثر ہوئے، تاہم ہلاکت یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سات اضلاع نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا ہے۔