ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے اسکولوں میں داخلے کے لیے عمر کی حد سے متعلق پالیسی میں نمایاں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے، جس کا اطلاق تعلیمی سال 2026-2027 سے ہوگا۔
نئی پالیسی کے تحت داخلے کے لیے عمر کی آخری تاریخ اب 31 اگست کے بجائے 31 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزارتِ تعلیم کی سفارش پر ایجوکیشن، ہیومن ڈیولپمنٹ اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کونسل نے منظور کیا ہے۔
یہ ترمیم ان تمام اسکولوں اور کنڈرگارٹن پر نافذ ہوگی جن کا تعلیمی سال اگست یا ستمبر میں شروع ہوتا ہے۔
نظرثانی شدہ ضوابط کے مطابق پری کنڈرگارٹن میں داخلے کے لیے بچے کی عمر 31 دسمبر تک 3 سال، کنڈرگارٹن ون کے لیے 4 سال، کنڈرگارٹن ٹو کے لیے 5 سال اور گریڈ ون میں داخلے کے لیے 6 سال ہونا لازم ہوگا۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ عمر کی یہ حد برطانوی، فرانسیسی اور دیگر بین الاقوامی تعلیمی نظاموں سے ہم آہنگ رکھی گئی ہے، تاکہ مختلف نصاب کے درمیان طلبہ کی منتقلی میں سہولت پیدا ہو۔
یہ پالیسی صرف نئے داخلوں پر لاگو ہوگی، جبکہ پہلے سے زیرِ تعلیم طلبہ پر وہی عمر کی شرائط برقرار رہیں گی جو ان کے داخلے کے وقت نافذ تھیں۔
تاہم اپریل میں تعلیمی سال شروع کرنے والے پاکستانی اسکولوں کے لیے داخلے کی آخری تاریخ بدستور 31 مارچ ہی رہے گی اور ان کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔