بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بنگلا دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قائد خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد 80 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق پارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق ان کے معالجین میں شامل میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ خالدہ ضیا کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور انہیں باقاعدگی سے ڈائیلاسس کی ضرورت پیش آ رہی تھی۔
ڈاکٹر کے مطابق ڈائیلاسس کا عمل روکنے کی صورت میں ان کی طبیعت میں نمایاں بگاڑ آ جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ عمر اور متعدد پیچیدہ بیماریوں کے باعث تمام عوارض کا بیک وقت علاج ممکن نہیں رہا تھا۔