لاہور: وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے 2025 کو تعلیمی بہتری کے اقدامات کا سال قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی ہزاروں کی تعداد میں لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
سال 2025 میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی تعلیم کے شعبے میں اصلاحات پر بھرپور توجہ دی گئی۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں میں 20 لاکھ گھوسٹ انرولمنٹ کا خاتمہ کیا گیا جبکہ 26 ہزار اساتذہ کی ریشنلائزیشن کے ذریعے اساتذہ کی کمی پر قابو پایا گیا۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ نصاب میں جامع اصلاحات کی گئیں، امتحانی نظام میں بہتری لائی گئی اور تعلیمی بورڈز کو ای مارکنگ سسٹم پر منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی، 10 ہزار اسکولوں میں ای سی ای رومز قائم کیے گئے اور روزانہ 11 لاکھ طلبہ و طالبات کو نیوٹریشن پروگرام سے فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
وزیرِ تعلیم کے مطابق صوبے بھر میں 268 اسکول اپ گریڈ کیے گئے، اساتذہ کو ہراساں کرنے کے 37 کیسز کے فیصلے کیے گئے اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے بھی 10 ہزار لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 450 کالجز میں میرٹ پر پرنسپلز کی تعیناتی اور 29 جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔