اسلام آباد: شہباز شریف حکومت نے بجلی صارفین کو ماہانہ ریلیف دینے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف کی شرط پر کیپٹو پاور لیوی عائد کی گئی تاکہ بجلی کی قیمتیں کم کی جا سکیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور لیوی کی رقم سے بجلی صارفین کو دو ماہ کے وقفے سے ریلیف دیا جائے گا، جبکہ لیوی کی شرح بڑھنے سے مزید ریلیف کی توقع ہے۔ وفاقی کابینہ نے کیپٹو پاور لیوی کو صارفین تک منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
اب کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار لیوی عائد کی جائے گی، ابتدائی طور پر 5 فیصد، بعد میں 10 فیصد، فروری 2026 میں 15 فیصد اور اگست 2026 تک 20 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ لیوی کی رقم پاور سیکٹر کے تمام کیٹگری کے صارفین کے لیے ٹیرف کم کرنے میں استعمال ہوگی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ لیوی کی عدم ادائیگی پر کیپٹو پاور پلانٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور مستقل ڈیفالٹ کی صورت میں متعلقہ پلانٹ کو گیس کی فراہمی روک دی جائے گی۔ ہر کیپٹو پاور پلانٹ گیس یا ایل این جی استعمال کرنے پر وفاقی حکومت کو لیوی ادا کرنے کا پابند ہوگا۔