وینزویلا اور کیوبا نے امریکی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی اہلکاروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیوبا نے کراکس میں فوجی کارروائی میں مارے جانے والے 32 اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں، جن میں وزارت داخلہ کے 21 اہلکار اور 3 اعلیٰ افسران (دو کرنل اور ایک لیفٹیننٹ کرنل) شامل ہیں، باقی افراد انقلابی مسلح افواج کے ارکان تھے، جن میں زیادہ تر فوجی شامل تھے۔
دوسری جانب وینزویلا کی فوج نے بھی اپنی ہلاکتوں کی تفصیل جاری کی ہے، جس کے مطابق 23 اہلکار مارے گئے، جن میں 5 ایڈمرل، 16 مختلف رینک کے سارجنٹس اور 2 فوجی شامل ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں کارروائی کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 75 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ ہلاکتیں مادورو کے کمپاؤنڈ پر شدید فائرنگ اور لڑائی کے دوران ہوئی۔
واضح رہے کہ امریکی ڈیلٹا فورس نے ہفتے کو وینزویلا پر کارروائی کی تھی، جس میں صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ان کے صدارتی محل سے گرفتار کر کے امریکہ منتقل کیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مادورو اور ان کی بیوی کو ان کے بیڈ روم سے گرفتار کر کے نیویارک لایا گیا، جہاں ان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
یہ کارروائی عالمی سطح پر تنازع اور تنقید کا باعث بنی ہوئی ہے جبکہ کیوبا اور وینزویلا نے امریکی حملے میں مارے گئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی فہرستیں جاری کی ہیں۔