ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

8 فروری کو احتجاج کی کال بانی پی ٹی ائی کی نہیں اپوزیشن اتحاد کی ہے: علیمہ خان

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ 8 فروری کو احتجاج کی جو کال دی گئی ہے وہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نہیں بلکہ اپوزیشن کے مشترکہ اتحاد کی جانب سے دی گئی ہے، عمران خان نے کسی بھی موقع پر ذاتی طور پر عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت نہیں کی۔

بانی پی ٹی ائی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کے لیے پُرامن جدوجہد پر زور دیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر انصاف میسر ہوتا تو آج حالات اس نہج تک نہ پہنچتے، اڈیالہ جیل کے باہر قرآن خوانی جیسے عمل کو بھی جرم بنا دیا گیا ہے، جو بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو غیر قانونی طور پر قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے جبکہ کارکنوں اور اہلِ خانہ کو مسلسل دباؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے، گزشتہ رات روات تھانے کی پولیس نے ان کے قافلے کے افراد کو گرفتار کیا اور متعدد گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ تین خواتین کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ آٹھ سے زائد گاڑیاں پولیس کی جانب سے قبضے میں لی گئیں، کارکنوں سے گاڑیاں چھوڑنے کے عوض بھاری رقم طلب کی جا رہی ہے اور بعض افراد نے مجبوراً پولیس کو پیسے ادا کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ قانون کی خلاف ورزیوں کے خلاف شکایت کہاں اور کس سے کی جائے، عمران خان عدلیہ کی آزادی کے لیے آواز بلند کر رہے تھے، مگر اس کے جواب میں گرفتاریوں اور جبر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان کے لیے کچھ کتابیں عدالت کے ذریعے جیل بھجوائی گئی ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے عدالت کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں علیمہ خان نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ 8 فروری کی احتجاجی کال بانی پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اپوزیشن اتحاد کی ہے، جبکہ عمران خان نے سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق ہدایات دی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں