اسلام آباد : وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے قومی اسمبلی میں ڈومیسٹک وائلنس بل میں ترمیم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرد بھی گھریلو سطح پر بہت مظالم سہتے ہیں، مگر عموماً اس پر بات نہیں کرتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ بل کی مخالفت نہیں کر رہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ پہلی مرتبہ ڈومیسٹک وائلنس کے قانون میں مردوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ طلال چوہدری کے اس تبصرے پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔
ڈومیسٹک وائلنس بل میں ترمیم جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے پیش کی۔ ترمیمی بل کا مقصد گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کے ساتھ ساتھ مردوں، بچوں، کمزور طبقات اور مخنث افراد کو قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔