دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ سے غزہ کے متاثرہ عوام کے لیے امدادی سامان لے جانے والا ایک بحری جہاز روانہ کر دیا گیا ہے۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق امدادی بحری جہاز تقریباً 4 ہزار ٹن انسانی امداد پر مشتمل سامان لے کر روانہ ہوا ہے، جس میں خوراک، خیمے، طبی سامان اور ادویات شامل ہیں۔ یہ امداد غزہ میں جاری انسانی بحران سے متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ارسال کی جا رہی ہے۔
وام کے مطابق یہ امدادی بحری جہاز راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی کی خصوصی ہدایت پر روانہ کیا گیا ہے۔ صقر ہیومینیٹیرین شپ مصر کی العریش بندرگاہ پہنچے گا، جہاں سے امدادی سامان زمینی راستے کے ذریعے غزہ منتقل کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات غزہ کے عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے۔