ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف امیر حاتمی نے امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ اگر دشمن کی جانب سے کوئی غلط قدم اٹھایا گیا تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ صہیونی ریاست کی سلامتی بھی سنگین خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیر حاتمی نے واضح کیا کہ ایران موجودہ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ملکی دفاع سے متعلق کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر سطح پر چوکنا ہیں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گی۔
ایرانی آرمی چیف نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کو طاقت یا دباؤ کے ذریعے ختم کرنا ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صلاحیت کسی ایک فرد یا چند سائنسدانوں تک محدود نہیں بلکہ ایک قومی سوچ اور اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ ہے، ایران کی جوہری صلاحیت اور سائنسی پیش رفت کا سفر نہیں رکے گا۔
امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ اگرچہ دشمن ایرانی سائنسدانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا رہا ہے، تاہم چاہے قوم کے سائنسدان اور فرزند شہید ہی کیوں نہ ہو جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنے سائنسی، دفاعی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرتا رہے گا۔