وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ گٹر کا ڈھکن چوری کرنے، خریدنے اور بیچنے والوں کے خلاف سخت قانون لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے لیے قید و جرمانے کی سزائیں مقرر کی جائیں گی۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب میں مجوزہ قانون کے تحت گٹر کا ڈھکن چوری کرنے، خریدنے یا فروخت کرنے پر ایک سال سے دس سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری مالی جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر گٹر میں گرنے کے باعث کسی شہری کی جان چلی گئی تو ذمہ دار افراد پر لاکھوں روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں ایک خاتون اپنی دس ماہ کی بچی کے ساتھ گر گئی تھیں، جن کی لاشیں کئی گھنٹوں بعد ریسکیو کی جا سکیں۔ اس افسوسناک واقعے نے صوبے بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔
اسی طرح سرگودھا میں بھی ایک کمسن بچی سیوریج نالے میں گر گئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث اسے بحفاظت ریسکیو کر کے والد کے حوالے کر دیا گیا۔ ان واقعات کے بعد گٹر ڈھکن چوری کے خلاف سخت قانون سازی کا مطالبہ زور پکڑ گیا تھا۔