پنجاب بھر میں خواتین، بچے اور بزرگ بسنت کی خوشیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں اور کئی برسوں بعد لاہور میں ایک بار پھر گلی گلی، کوچہ کوچہ بسنت کی بہار لوٹ آئی ہے۔
شہر کی سڑکیں اور چھتیں رنگ برنگی پتنگوں سے سجی ہوئی ہیں جبکہ ہر طرف جشن کا سماں نظر آ رہا ہے۔
لاہور کی گلیوں میں پتنگ بازی کا زور ہے، اگرچہ پتنگ اور ڈور کی قیمتیں زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود شہر بھر میں پتنگیں نایاب ہوتی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد بسنت کی اجازت ملنے پر لوگ مہنگائی کے باوجود اس تہوار کو بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔
طویل عرصے بعد بسنت منانے والی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بسنت کے موقع پر کوئی کسی کو تنگ نہیں کر رہا اور سب اپنی اپنی خوشی میں مگن ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ خوشیاں تین دن تک برقرار رہیں اور کسی کی نظر نہ لگے۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر میں آج اور کل بسنت کے باعث عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم لاہور میں بسنت کے دوران مختلف واقعات بھی پیش آئے جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے، جس کے بعد انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔