ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسلام آباد خودکش دھماکہ: جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 33 ہوگئی

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ پر ہونے والے دلخراش خودکش حملے میں ایک اور زخمی شخص دوران علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد اس سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 33 تک پہنچ گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں دھماکے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کی تعداد ابتدائی طور پر 149 ریکارڈ کی گئی تھی، جن میں 121 افراد زخمی اور 28 شہدا شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق پمز اسپتال میں رات بھر جاری طبی امداد کے بعد زخمیوں کی تعداد 64 رہ گئی ہے، جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور 9 زخمی آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج سرجیکل وارڈ 1 اور سرجیکل وارڈ 4 میں جاری ہے، جبکہ پولی کلینک اسپتال میں 13 زخمی زیرِ علاج ہیں۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق 33 شہدا کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، تشویشناک حالت کے مریضوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو فوری طور پر کنٹرول کیا جا سکے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں امام بارگاہ پر پیش آئے خودکش دھماکے کے المناک واقعے میں شہید ہونے والے 15 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خودکش حملہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں پیش آیا، جس نے ملک بھر میں تشویش اور غم کی لہر پیدا کر دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سانحے کے بعد سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور مساجد و عبادت گاہوں میں اضافی حفاظتی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی دوبارہ دہشت گردی کی کوشش ناکام بنائی جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں